اقوام متحدہ کے سربراہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور امریکی ایرانی تنازع کے حل کے لیے اسلام آباد کے اہم ثالثی کردار کو سراہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان حکومت کی دعوت پر متوقع ہے اور امکان ہے کہ یہ اگلے ماہ ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی ہفتے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے امریکا اور ایران، ایران اور خلیجی ممالک سمیت ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک کے درمیان سنجیدہ مذاکرات ہونے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیے وہ لمحہ جب پاکستان ایران، امریکا جنگ میں اہم ترین فریق کے طور پر ابھرا

گوتریس نے پاکستان اور ترکیہ کو اہم ثالث قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر اور سعودی عرب بھی سفارتی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے خلیجی ممالک کی معیشتوں کے ساتھ عالمی معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے مزید تباہ کن کشیدگی سے بچنے کے لیے سفارت کاری کے سوا کوئی قابلِ عمل راستہ نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی ایرانی جنگ 28 فروری کو شروع ہوئی تھی، جس میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان لڑائی کے باعث خطے میں کشیدگی پھیل گئی اور آبنائے ہرمز میں آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ پاکستان نے تنازع کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں تیز کیں، جس کے نتیجے میں اپریل میں اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان ایران امریکا مذاکرات میں ثالثی کردار مزید فعال کرے، چین

بعد ازاں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور عارضی جنگ بندی پر پیشرفت ہوئی، تاہم دوبارہ فوجی کارروائیوں اور قطر میں بالواسطہ مذاکرات ناکام ہونے سے یہ عمل متاثر ہوا۔ پاکستان نے اس کے باوجود ایران، قطر اور دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp