لاہور میں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا آغاز، مریم نواز نے افتتاح کردیا

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ایکسپو سینٹر میں 3 روزہ ’پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026‘ کا افتتاح کردیا، جہاں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے جدید گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، الیکٹرک و سیمی الیکٹرک گاڑیاں اور مقامی آٹو پارٹس نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات کی اور قومی معاشی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ آٹو شو میں 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح، مریم نواز شریف کا تقریب سے خطاب

مریم نواز نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور الیکٹرک گاڑیوں، جدید گاڑیوں، بائیکس اور جنریٹرز کا جائزہ لیا، جبکہ الیکٹرک ایمبولینس میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہونڈا، سوزوکی اور دیگر کمپنیوں کے غیر ملکی ماہرین سے ملاقات کرکے مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ’میڈ اِن پاکستان‘ مصنوعات کے معیار کو سراہا۔

ٹریکٹر ساز کمپنیوں کے نمائندوں نے گرین ٹریکٹر اسکیم جبکہ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے نمائندوں نے گرین ٹیکسی اور بائیک اسکیم کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کا اہم ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ آٹو شو کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی منتقلی کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp