گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو مسترد کر دیا، جبکہ پی ٹی آئی اسٹریٹ مہم کے نام پر لاہور کی سڑکوں پر ڈرامہ بازی کرتی رہی۔
پشاور میں وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پذیرائی نہیں ملی، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ 27 ستمبر کو بھی پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچ سکے گی۔ انہوں نے کہا، ’دعویٰ لاکھوں لوگ نکالنے کا کیا جا رہا ہے، لیکن میری اطلاعات کے مطابق تعداد ہزاروں میں بھی نہیں ہوگی۔‘
یہ بھی پڑھیے لگتا ہے کے پی اسمبلی کا اگلا اجلاس مویشی منڈی میں ہوگا، گورنر فیصل کریم کنڈی کی پی ٹی آئی پر تنقید
گورنر خیبرپختونخوا نے سوال کیا کہ لاہور میں وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے کتنے لوگ نکلے؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قیادت نہیں نکلی اور سہیل آفریدی خود سڑکوں پر پھرتے رہے۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ احتجاج اور لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا، ’ہمارا صوبہ دہشتگردی سے متاثرہ ہے۔ یہاں حکومت کو لوگوں اور تاجر برادری کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے، نہ کہ دھرنے اور احتجاج کی۔‘
انہوں نے مشورہ دیا کہ احتجاج اور لانگ مارچ کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے اور عمران خان کے کیسز کا فیصلہ عدالتوں پر چھوڑ دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے 9 مئی میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ دوبارہ نہ ہو، فیصل کریم کنڈی
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے اسلام آباد پہنچ بھی جائیں تو اس سے عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا، ’عمران خان کو سزائیں عدالتوں نے سنائی ہیں اور وہ عدالتی حکم پر ہی باہر آ سکیں گے۔ احتجاج اور لانگ مارچ سے رہائی نہیں ہوگی۔‘













