آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری سے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اہم ملاقات کی ہے جس میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملاقات میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے عہدیداران کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جواد طارق بھی موجود تھے۔
اہم اشیا کے کنٹینرز کی فوری واگزاری
آئی جی اسلام آباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ ادویات، اشیائے خورونوش اور جلد خراب ہونے والے سامان سے بھرے کنٹینرز کو فوری طور پر مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔
کنٹینرز کا کرایہ
شہر میں امن عامہ قائم رکھنے اور سیکیورٹی تدابیر کے طور پر استعمال کیے جانے والے کنٹینرز کا مالکان کو باقاعدہ کرایہ ادا کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں میں کوئی خلل نہ پڑے۔














