خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر 2026 کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فورسز کے جوانوں کی مؤثر کارروائی کے باعث بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
مزید پڑھیں: افغانستان سے دہشتگردی: ضرورت پڑنے پر اپنے دفاع میں جواب دیں گے، پاکستان
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے 2 بہادر افسران نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ 4 جوان بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید کیپٹن ابوذر فاروق کی عمر 23 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا، جبکہ شہید لیفٹیننٹ شیراز بابر کی عمر 22 سال تھی اور وہ ضلع چکوال کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: بھارتی صحافی کا وار خالی گیا، ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشتگردی کا الزام ماننے سے صاف انکار
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔














