ایشین گیمز کی تیاری، قومی کرکٹ ٹیم کا کراچی میں تربیتی کیمپ شروع

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کراچی میں جمع ہوگئی، 4 روزہ تربیتی کیمپ 21 ستمبر سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگا۔

جیو نیوز کے مطابق صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں 15 رکنی قومی اسکواڈ کراچی میں 21 سے 24 ستمبر تک تربیتی کیمپ میں حصہ لے گا، جس کے بعد ٹیم 24 ستمبر کی شب جاپان روانہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز کل سے شروع، پاکستان 23 کھیلوں میں حصہ لے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اسکواڈ کے کھلاڑی اتوار کو کراچی میں جمع ہوئے، تاہم عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم اپنی فرنچائز کی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔

پانچوں کھلاڑیوں کی فرنچائز مصروفیات بارباڈوس کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شب ختم ہونے کی توقع ہے۔

پاکستانی ٹیم 21 اور 22 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہائی پرفارمنس سینٹر کے نیٹس اور اوول میں تربیتی سیشنز کرے گی۔

قومی ٹیم 23 ستمبر کو اوول گراؤنڈ میں ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلے گی، جبکہ 24 ستمبر کو اسی مقام پر سینٹر وکٹ پر صورتحال کے مطابق میچ سیشن ہوگا۔

ایشین گیمز کے لیے پاکستان کا 21 رکنی دستہ 24 ستمبر کو رات 11 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جاپان روانہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو 9گول سے شکست

دوسری جانب فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو محمد سلمان مرزا کی جگہ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سلمان مرزا بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایشین گیمز سے باہر ہوگئے ہیں۔

محمد سلمان مرزا اس وقت بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں مکمل فٹ ہوجائیں گے۔

ایشین گیمز میں صاحبزادہ فرحان پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔

پاکستان کے اسکواڈ میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور وکٹ کیپر عثمان خان بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp