ایک طاقتور سمندری طوفان جاپان کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کانتو ریجن اور مشرقی جاپان کے دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی صورتحال تیزی سے خراب ہو سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق ٹائیفون دوجوان دن کے اواخر میں ٹوکیو کے میٹروپولیٹن علاقے کے قریب سے گزرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپر ٹائیفون ’رگا سا‘ نے تباہی مچا دی، تائیوان میں 14 ہلاکتیں، لاکھوں افراد متاثر
آئیزو جزائر، چیبا پریفیکچر اور بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کے دیگر حصوں میں پہلے ہی شدید بارشیں ہو چکی ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ہفتے سے اب تک 300 ملی میٹر یعنی 12 انچ سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
Typhoon approaches eastern Japan, prompting flood and landslide warnings https://t.co/wmOMPgoDur
— Daily Maverick (@dailymaverick) September 21, 2026
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹائیفون کے کانتو ریجن کے قریب پہنچنے کے ساتھ پیر کی سہ پہر سے بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، کانتو ریجن میں ٹوکیو اور اس کے گردونواح کے متعدد پریفیکچرز شامل ہیں۔
وسطی جاپان کے ایچی پریفیکچر میں جاری ایشین گیمز کے دوران منتظمین نے ٹائیفون کے پیش نظر گھڑ سواری کے ایونٹنگ مقابلے کو بھی ملتوی کرکے منگل کو منتقل کر دیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ کانتو اور وسطی جاپان میں بارش کے مسلسل اور مرتکز بینڈز بن سکتے ہیں، جس سے اچانک سیلاب اور بارش سے متعلق دیگر قدرتی آفات کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ سکتا ہے۔
جاپان میں حالیہ برسوں کے دوران ایسے بارشی بینڈز ایک بڑھتی ہوئی تشویش بن چکے ہیں۔ یہ نسبتاً محدود علاقے میں کئی گھنٹوں تک غیرمعمولی مقدار میں بارش برسا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فلپائن میں شدید طوفان کے باعث 1 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور
ٹائیفون دوجوان ایسے وقت میں جاپان کی جانب بڑھ رہا ہے جب دنیا کے مختلف خطوں میں شدید موسمی واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور مشرقی ایشیا سے شمالی امریکا اور یورپ تک غیرمعمولی بارشوں، سیلاب اور شدید سمندری طوفانوں کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔













