دوست کو ’پاپا‘ کہنے پر تنازع، 18 سالہ نوجوان قتل

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاقے نارائنا گاؤں میں دوست کو مذاقاً ’پاپا‘ کہنے کے معاملے پر جھگڑے کے دوران 18 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نارائنا گاؤں کے رہائشی سمت گری کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا، جب امن اور نرسنگھ موٹرسائیکل پر پائل سنیما سے نارائنا گاؤں واپس جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں ان کی ملاقات سمت اور انیل سنگھ کے بیٹے امن سے ہوئی۔ گفتگو کے دوران امن نے نرسنگھ سے مذاقاً اسے ’پاپا‘ کہنے کو کہا، جس پر مبینہ طور پر جھگڑا شروع ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیے بھارتی پنجاب میں کانگریس رہنما کا بھائی قتل، پولیس کو ذاتی دشمنی کا شبہ

پولیس کے مطابق امن نے چاقو نکال کر نرسنگھ کو دھمکایا، جس کے بعد سمت بھی جھگڑے میں شامل ہو گیا۔ سمت اور امن کے درمیان پہلے سے بھی رنجش تھی۔

اسی دوران ان کا مشترکہ دوست سرگم موقع پر پہنچا اور بیچ بچاؤ کی کوشش کی، جس کے دوران وہ بھی زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران امن نے مبینہ طور پر سمت کو چاقو مارا اور اپنے چھوٹے بھائی کو جائے وقوعہ پر بلا لیا۔ چھوٹا بھائی موقع پر پہنچا اور مبینہ طور پر پہلے سے زخمی سمت پر بھی حملہ کر دیا۔

واقعے کے بعد امن نے سمت کے اہلخانہ کو اطلاع دی۔ سمت کے والد اسے امن کے ہمراہ دین دیال اپادھیائے اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے دہلی میں 17 سالہ لڑکی اجتماعی زیادتی کے بعد قتل، لاش کتوں نے نوچ ڈالی

پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر نارائنا تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث تمام افراد ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور نارائنا گاؤں کے رہائشی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معمولی تنازع کس طرح سنگین جھگڑے میں تبدیل ہوا اور چاقو استعمال کرنے کی اصل صورتحال کیا تھی، اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp