قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات نافذ کردیے ہیں، جن کے تحت عملے کے نصف افراد دفتر میں جبکہ باقی 50 فیصد گھر سے کام کریں گے۔ تاہم ورک فرام ہوم کرنے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق گھر سے کام کرنے والے ملازمین کے لیے روٹیشن ڈیوٹی روسٹر مرتب کیا جائے گا، جبکہ انہیں فون، ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے دستیاب رہنا ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر ایسے ملازمین کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں: عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ، وفاقی حکومت کا کفایت شعاری اقدامات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
ورک فرام ہوم کرنے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم نہیں ملے گا، جبکہ مجاز افسر کی اجازت کے بغیر انہیں اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی
کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے آئندہ تین ماہ تک ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
مالی سال 27-2026 کے غیر ترقیاتی بجٹ میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے تمام اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی ورچوئل طریقے سے منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اجلاسوں اور خریداری کے حوالے سے پابندیاں
کفایت شعاری پالیسی کے تحت اجلاسوں کی تعداد کم سے کم رکھنے اور تمام پائیدار اشیا کی خریداری پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم آئی ٹی سامان اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں آئندہ 3 ماہ کے لیے بیرون ملک دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسکالرشپس، تربیتی کورسز، بین الاقوامی پروگرامز اور سرکاری معاہدوں کے تحت ہونے والے تربیتی پروگرام اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں اور حکومت کی جانب سے فنڈ فراہم کیے جانے والے سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔ ناگزیر تقریبات کے لیے صرف آڈیٹوریم اور سرکاری سہولیات استعمال کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: پیٹرول 358 روپے سے تجاوز، کفایت شعاری مہم کہاں گئی؟ ملازمین کا ہفتے میں 2 روز ’ورک فرام ہوم‘ کا مطالبہ
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اخراجات میں مزید کمی کے لیے پیپر لیس ورکنگ ماحول اپنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
سیکریٹریٹ کے مطابق تمام کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور مزید احکامات جاری ہونے تک جاری رہیں گے۔














