آئندہ 6 ماہ پاکستان میں ہاکی کے میدان آباد رہیں گے، متعدد بین الاقوامی ایونٹس متوقع

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 ملک میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ آئندہ 6 ماہ کے دوران متعدد ٹیمیں اور ایونٹس پاکستان کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو 9گول سے شکست

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ کوریا کے دورے کے بعد چینی ہاکی ٹیم نومبر 2026 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چینی ٹیم کے دورے کے بعد کینیڈا بھی پاکستان کا دورہ کرے گا، جبکہ 3 یورپی ٹیمیں بھی ملک کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی ایچ ایف صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ٹیموں کی آمد پاکستان میں ہاکی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اسے دوبارہ زندہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

محی الدین وانی نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان آئندہ سال دسمبر میں 10 ممالک پر مشتمل ایک بین الاقوامی ہاکی ایونٹ کی میزبانی کرنے کا منصوبہ بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں کھیل کو مزید فروغ دینے کی کوششوں کے تحت آئندہ سال پاکستان میں ایک ہاکی لیگ بھی منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔

مزید پڑھیے: پاکستان ہاکی کا زوال کیسے ختم ہوگا؟

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محی الدین وانی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کا اختیار ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کے پاس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایف پہلے ہی اے ایچ ایف سے یہ درخواست کر چکی ہے کہ ٹورنامنٹ کو بھارت سے کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کیا جائے۔ تاہم براعظمی گورننگ باڈی کی جانب سے تاحال اس درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا۔

محی الدین وانی نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں عمل میں لائے جانے والے قواعد و ضوابط کا بخوبی علم ہے، تاہم ہم نے اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی لیگ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں کرانے کا اعلان

پی ایچ ایف صدر نے زور دیا کہ بین الاقوامی ہاکی معاملات سے نمٹتے ہوئے پاکستان کی قومی عزت و وقار فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp