پنجاب ایپکس کمیٹی اجلاس میں اہم بریفنگ: کچے کے علاقے میں  30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج، کرپشن پر 718 پولیس اہلکار برطرف

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی  گئی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں  30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے جبکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن پر 718 ملازمین نکالے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 9ویں جماعت کے خراب نتائج پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اساتذہ پر برہم، کارروائی کا فیصلہ

اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر اور منظم اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پیفٹاک میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کا قیام اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کے لیے اہم اقدام ہے۔ کمانڈر لاہور کور بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں پر اظہار تشکر کیا اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے آپریشن ضرب للہ الحق میں شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

کچے کے علاقے کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبے

اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کے سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں سوشل انفراسٹرکچر کے قیام کے لیے ترانوے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ کچے کے علاقے میں اسمارٹ پولیس اسٹیشنز اور پولیس چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی اور باسٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیل برج تعمیر کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے: ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح، مریم نواز شریف کا تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو سلام اور شاباش دیتی ہوں۔

مریم نواز نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں صحت، تعلیم اور امن و امان کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے جبکہ وہاں مسلسل مانیٹرنگ اور ویجیلینس جاری ہے اور پہلی مرتبہ بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں عوام اور حکام کی شرکت خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے اخراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین ہم سے بہتر اور اعلیٰ ترین لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراک کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پیفٹاک کے ذریعے بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو رہا ہے اور پاک فوج اور تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ امن و امان کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے۔

مافیاز کو وارننگ

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں کمی سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ’نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف کا احسن اقدام‘، پیٹرولیم مصنوعات کے اضافے پر مریم نواز کا ردِعمل

انہوں نے متبنہ کیا کہ پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا نہیں چل سکتا اور صوبے بھر میں مافیاز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث ہونے پر پولیس کے 718 ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم بن کر یکساں سمت میں کام کرنے سے کامیابی ملتی ہے۔ مجموعی طور پر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال حوصلہ افزا ہے تاہم مختلف آپریشنز جاری ہیں۔ پولیس کو امن و امان کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور عوام کی سہولت کے لیے پولیس اہلکاروں کو باڈی ورن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے۔

مسلح افواج کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اور پنجاب کے عوام کی جانب سے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں شاندار لیڈرشپ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ادارے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑ رہے ہیں اور آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان کا امیج دنیا بھر میں بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے معاملے میں کوئی گیپ نہیں آنا چاہیے، پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ مختلف چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز کے دورہ لندن کا تمام خرچ ان کی اپنی جیب سے ادا کیا گیا، عظمیٰ بخاری کی وضاحت

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے اور مؤثر اور پیشگی پولیسنگ کے باعث پنجاب میں جرائم کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp