بھارت کے ابھرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے اوپنر ابھیشیک شرما نے منگل کے روز جاپان کے خلاف ایک روزہ ٹی 20 میچ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو کر ٹی 20 کا ناپسندیدہ ترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ یہ میچ سانو انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ ساز سنچری، ابھیشیک شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا
ابھیشیک بھارت اور جاپان کے درمیان پہلے ہی میچ میں بھرپور اعتماد کے ساتھ داخل ہوئے تھے کیونکہ انہوں نے اس سے قبل نئی دہلی میں افغانستان کے خلاف فل ممبر ممالک کے درمیان تیز ترین ٹی 20 سینچری بنائی تھی۔
تاہم 26 سالہ بلے باز اس تاریخی میچ میں اپنی شاندار کارکردگی کو دہرا نہ سکے اور بھارت کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں چارلی ہارا ہنزے کا شکار بن کر پہلی ہی گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
جاپان کے خلاف یہ گولڈن ڈک رواں کیلنڈر سال میں ٹی 20 میں ان کا دسواں صفر تھا جس کے ساتھ انہوں نے پاکستان کے شاداب خان اور افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے ایک ہی سال میں 9،9 صفر کے ساتھ یہ ناپسندیدہ ریکارڈ بنا رکھا تھا۔
ایک کیلنڈر سال میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ صفر
ابھیشیک شرما، بھارت، 10 صفر سال 2026
راشد خان، افغانستان، 9 صفر سال 2019
شاداب خان، پاکستان، 9 صفر سال 2024
تاہم ٹی 20 انٹرنیشنل میں یہ رواں سال ان کا 7واں صفر تھا جس کا آغاز انہوں نے جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں مسلسل 2 صفر سے کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ میچوں میں امریکا، روایتی حریف پاکستان اور نیدرلینڈز کے خلاف مسلسل تین صفر بنائے۔
مزید پڑھیے: ایشیا کپ، ابھیشیک شرما نے محمد رضوان اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا
جاپان کے خلاف حالیہ ناکامی سے قبل شرما بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جو عالمی چیمپیئن 2 صفر سے ہار گئے تھے۔
سال 2026 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میں ابھیشیک شرما کے صفر کی فہرست
23 جنوری کو رائے پور میں نیوزی لینڈ کے خلاف صفر، ایک گیند
28 جنوری کو وشاکھاپٹنم میں نیوزی لینڈ کے خلاف صفر، ایک گیند
7 فروری کو ممبئی میں امریکا کے خلاف صفر، ایک گیند
15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف صفر، 4 گیندیں
18 فروری کو احمد آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف صفر، 3 گیندیں
28 جون کو بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف صفر، ایک گیند
22 ستمبر کو سانو میں جاپان کے خلاف صفر، 3 گیندیں
گولڈن ڈک کیا ہوتا ہے؟
واضح رہے کہ کرکٹ میں ڈک کا مطلب ہے کہ بلے باز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو جائے۔ جب کوئی بلے باز پہلی ہی گیند پر بغیر کھاتا کھولے آؤٹ ہو جائے تو اسے گولڈن ڈک کہا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟
اس طرح ابھیشیک شرما نے رواں سال ٹی 20 کرکٹ میں 10 بار صفر پر آؤٹ ہو کر ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ بنایا ہے۔














