مغربی جرمنی میں امریکی فضائی اڈے سے منسلک ایف 16 لڑاکا طیارہ منگل کو گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ نے بروقت خود کو طیارے سے باہر نکال لیا۔ امریکی فوج کے مطابق پائلٹ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
امریکی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ امدادی اور ہنگامی کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ حادثہ جرمنی کے مغربی علاقے میں واقع اسپانگڈاہلیم امریکی فضائی اڈے کے قریب پیش آیا۔
A U.S. Air Force F-16C assigned to the 480th Fighter Squadron, 52nd Fighter Wing, crashed at Spangdahlem Air Base, Germany, this afternoon.
The pilot ejected safely. pic.twitter.com/z3RH5TDKva
— Global OSINT (@GlobalOSINTHQ) September 22, 2026
جرمن فضائی ٹریفک کنٹرول اتھارٹی نے الگ بیان میں بتایا کہ حادثے کے وقت مجموعی طور پر 4 ایف 16 طیارے تربیتی مشق میں شریک تھے۔ ان میں سے 2 طیارے تربیتی علاقے میں موجود رہے جبکہ 2 اسپانگڈاہلیم فضائی اڈے کی جانب واپس آرہے تھے۔
اتھارٹی کے مطابق واپس آنے والے دونوں طیاروں میں سے ایک کے بارے میں خیال ہے کہ وہ فضائی اڈے پر اترنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ باقی ایف 16 طیاروں نے جرمنی میں واقع امریکی فضائی اڈے راملشٹائن پر بحفاظت لینڈنگ کی۔













