ہزاروں میل دور دو مختلف بحری جہازوں پر سفر کرنے والے باپ بیٹے ملاحوں کی اچانک ملاقات نے سب کو حیران کر دیا
سمندر کی وسعتوں میں ہزاروں میل دور دو مختلف بحری جہازوں پر سفر کرنے والے باپ بیٹے ملاحوں کی اچانک ملاقات نے ایک معمول کے سفر کو زندگی کے یادگار ترین لمحات میں بدل دیا۔
روشیل ساران نامی ملاح شمال کی جانب سفر کر رہے تھے کہ ان کی نظر مخالف سمت سے آنے والے ایک بڑے بحری جہاز پر پڑی۔ جہاز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے پر انہیں معلوم ہوا کہ اسی جہاز پر ان کے والد بھی سوار ہیں۔
View this post on Instagram
دونوں کی ملاقات پہلے سے طے شدہ نہیں تھی بلکہ ان کے جہاز محض اتفاقاً سمندر کے بیچ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔ اس مختصر مگر جذباتی لمحے کو روشیل نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا اور بعد ازاں انسٹاگرام پر شیئر کردیا۔
روشیل نے ویڈیو کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”ایک ارب میں ایک موقع نے میرے پاپا اور مجھے، دو نسلوں کے ملاحوں کو، سمندر کے بیچ ملا دیا۔ دو جہاز، دو سفر اور ایک ناقابلِ فراموش لمحہ۔“
یہ بھی پڑھیں: کھانے کا کچرا تقریباً ختم، جنوبی کوریا نے 30 سال میں کیا کر دکھایا؟
روشیل کے والد نے بھی اس موقع پر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیٹے کو دور سمندر میں دوسرے جہاز پر دیکھنے کے احساسات بیان کیے۔ انہوں نے لکھا کہ اپنے بیٹے کو ایک ماہر ملاح کے طور پر دیکھنا ان کے لیے فخر اور جذبات سے بھرپور لمحہ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں جہاز ایک دوسرے کے قریب سے گزرنے کے بعد اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔ ایک شمال اور دوسرا جنوب کی سمت بڑھتا رہا تاہم سمندر کے بیچ ہونے والی یہ مختصر ملاقات دونوں کے لیے ایک یادگار بن گئی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے بھی باپ بیٹے کی اس غیر معمولی ملاقات کو خوب سراہا۔ کئی صارفین نے اسے ملاحوں کی زندگی کا انتہائی نایاب اور خوبصورت لمحہ قرار دیا، جبکہ بعض نے اپنے اسی نوعیت کے تجربات بھی شیئر کیے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ’جینی‘ نے 13 فٹ 6 انچ لمبی دُم کا عالمی ریکارڈ بنادیا
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ انسان بالآخر اپنا راستہ خود منتخب کر لیتا ہے لیکن جس شخص نے اسے زندگی میں راستہ دکھانا سکھایا، اس کے ساتھ سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔
ایک اور صارف نے اسی نوعیت کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے شوہرجو چیف آفیسر ہیں، ایک مرتبہ اپنے چچا سے ملے تھے جو کپتان تھے، جب دونوں کے جہاز ایک ہی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے۔
ایک صارف نے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ”آپ دونوں کا سفر محفوظ اور سمندر پُرسکون رہے!“ایک اور صارف نے مختصر مگر جذباتی انداز میں لکھا، ”یہ بہت خوبصورت لمحہ ہے، واقعی دل کو چھو لینے والا۔“














