وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گھر میں بعض اوقات ان سے مٹھائیاں چھپا دی جاتی ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر نے ایک ڈیجیٹل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی اور مریم نواز کی 35 سالہ ازدواجی زندگی، گھریلو معاملات اور پنجاب کابینہ میں شامل نہ ہونے کی وجوہات پر بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ گھر میں ان کے اور اہلخانہ کے درمیان اختلافات معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور عموماً ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق گھر میں جب مٹھائیاں آتی ہیں تو بعض اوقات انہیں چھپا دیا جاتا ہے کیونکہ اہلخانہ کو خدشہ ہوتا ہے کہ وہ زیادہ میٹھا کھا لیں گے۔
View this post on Instagram
کیپٹن (ر) صفدر نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ گھر والے کہتے ہیں کہ اگر ساری مٹھائی صفدر نے کھا لی تو ان کا HbA1c متاثر ہوسکتا ہے، تاہم وہ جواباً کہتے ہیں کہ انہیں کم از کم کچھ میٹھا تو کھانے دیا جائے۔
مریم نواز کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ ان کے درمیان ہونے والے اختلافات معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور معاملات کو معمول پر لانے کے لیے عموماً مریم نواز ہی پہل کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی تفریق سے بالاتر ہوکر قومی سوچ اپنانا ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
انہوں نے کہا کہ ان کی ازدواجی زندگی حکم چلانے کے بجائے عزت، احترام اور باہمی سمجھ بوجھ پر قائم ہے۔ ان کے مطابق سیاسی عہدہ یا اختیار ان کے رشتے میں حائل نہیں ہوتا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے یہ بھی بتایا کہ وہ پنجاب کابینہ میں شامل کیوں نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق یہ ایک دانستہ فیصلہ تھا کیونکہ ان کے لیے ایسی کابینہ کا حصہ بننا مناسب نہیں جہاں ان کی اہلیہ وزیراعلیٰ ہوں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب وزیراعلیٰ کابینہ کے اجلاس میں داخل ہوتی ہیں تو تمام ارکان کو احتراماً کھڑا ہونا پڑتا ہے تو پھر وہ خود کیوں کھڑے ہوں؟ اسی وجہ سے انہوں نے کابینہ کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا 10 روزہ بسنت کا تحفہ، لاہوری کیا کہتے ہیں؟
کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے عوامی بیانات کے حوالے سے بھی کہا کہ ان کی اپنی رائے ہے اور انہیں اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جن لوگوں کو کرپٹ سمجھتے ہیں، ان کے خلاف بات کرتے ہیں اور انہیں اپنی رائے کے اظہار میں کوئی قباحت نہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز کی ذاتی زندگی سے متعلق ان کے دلچسپ تبصروں پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف انداز میں ردعمل کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے جوڑے کے لیے محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ کئی افراد نے مٹھائی چھپانے کے معاملے پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔














