اسلام آباد پولیس نے باپ، بیٹے کو غیرقانونی حراست میں رکھنے اور اختیارات سے تجاوز ثابت ہونے پر سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے تینوں افسران کی برطرفی کے احکامات جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: ایس ایچ او برطرفی کیس، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہری اور اس کے والد کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کی شکایت پر محکمانہ انکوائری کی گئی، جس میں غیر قانونی حراست اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات ثابت ہوگئے۔
برطرف کیے جانے والے پولیس افسران میں سب انسپکٹر محمد عظیم، کانسٹیبل محمد بلال اور کانسٹیبل سعد امتیاز شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق تینوں افسران کو ذاتی شنوائی کا مکمل موقع فراہم کیا گیا، تاہم انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انہیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کے حقوق اور قانون کی پاسداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تنخواہیں پنجاب کے برابر، ایگزیکٹو الاؤنس، وزیراعظم کے اسلام آباد پولیس کے لیے بڑے اعلانات
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔














