قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا ایک اور بڑا اعزاز، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے معاہدہ طے پا گیا

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے آئندہ ویمنز بگ بیش لیگ کے لیے آسٹریلوی کلب پرتھ سکارچرز کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کر لیا ہے۔

آسٹریلوی کلب کی جانب سے ہفتے کے روز کیے گئے اعلان کے بعد فاطمہ اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دوسری پاکستانی کرکٹر بن گئی ہیں۔

کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 24 سالہ آل راؤنڈر 29 اکتوبر سے شروع ہونے والے ڈبلیو بی بی ایل کے 12ویں ایڈیشن کے ابتدائی 8 میچز کے لیے پرتھ سکارچرز کو دستیاب ہوں گی۔

ان کے قیام کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہے، تاہم اس کا انحصار پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت پر ہوگا۔

اگر بورڈ انہیں دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے متوقع دورے سے قبل لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ دیتا ہے، تو وہ لیگ میں مزید میچز کھیل سکیں گی۔

بگ بیش لیگ میں دوسری پاکستانی کھلاڑی

اس معاہدے کے ساتھ ہی فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں کھیلنے والی دوسری پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل سابق کپتان ندا ڈار نے 2019 کے ایڈیشن میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 میچز کھیلے تھے۔

فاطمہ ثنا کے لیے رواں سال کسی غیر ملکی ٹی 20 لیگ میں یہ دوسری شرکت ہے۔ اس سے قبل وہ ’دی ہنڈریڈ‘ ٹورنامنٹ میں برمنگھم فینکس کی جانب سے بھی ایکشن میں نظر آ چکی ہیں۔

یہ میرے لیے خواب کے سچ ہونے جیسا ہے

پرتھ اسکارچرز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فاطمہ ثنا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ہمیشہ پاکستان سے ڈبلیو بی بی ایل دیکھتی تھی اور سوچتی تھی کہ اس شاندار ٹورنامنٹ کا حصہ بننا کیسا محسوس ہوتا ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں:فاطمہ ثنا اور بابر اعظم کا موازنہ: دونوں میں کون اور کیوں بہتر ہے، محمد وسیم نے بتادیا

انہوں نے مزید کہا کہ ’اب اسکارچرز کی جرسی پہننا، اتنے شاندار کلب کی نمائندگی کرنا اور واکا گراؤنڈ میں مداحوں کے سامنے اترنا میرے لیے ایک انتہائی خاص لمحہ ہے۔

اپنے وطن سے مداحوں کی جانب سے ملنے والی حمایت اس تجربے کو مزید یادگار بناتی ہے، یہ واقعی ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے‘۔

شاندار کیریئر اور عالمی ریکارڈ

دائیں ہاتھ کی میڈیم فاسٹ باؤلر اور مڈل آرڈر بیٹر فاطمہ ثنا نے 2019 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور بہت جلد خود کو پاکستان کی صفِ اول کی آل راؤنڈرز میں شامل کر لیا۔

مزید پڑھیں:ویمنز ایشیا کپ: سیمی فائنل سے قبل بیٹنگ میں بہتری کی کوششیں، کپتان فاطمہ ثنا کا پختہ عزم

وہ اب تک 130 سے زیادہ وائٹ بال میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں انہوں نے زمبابوے کے خلاف محض 15 گیندوں پر نصف سینچری اسکور کر کے ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تیز ترین ففٹی کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔

پرتھ اسکارچرز کی انتظامیہ کا خیرمقدم

پرتھ اسکارچرز کے جنرل مینیجر کیڈ ہاروی نے پاکستانی کپتان کی ٹیم میں شمولیت کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے فاطمہ کو ’عالمی کرکٹ کی انتہائی پرجوش اور ابھرتی ہوئی نوجوان آل راؤنڈرز میں سے ایک‘ قرار دیا۔

کیڈ ہاروی نے مزید کہا کہ کلب کی انتظامیہ اور شائقینِ کرکٹ مشہور واکا گراؤنڈ میں فاطمہ ثنا کی شاندار کارکردگی دیکھنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp