خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگے گی، گورنر راج نافذ ہوگا یا پھر آئینی اقدامات کا کوئی مجموعہ اختیار کیا جائے گا، اس معاملے کا فیصلہ چند روز میں ہو جائے گا۔ اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوتے ہیں یا نہیں۔ تاہم، عمومی طور پر جب سے ایمرجنسی اور گورنر راج کی باتیں شروع ہوئی ہیں، دونوں اصطلاحات کو ایک دوسرے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
آئین کے تحت دونوں کی نوعیت، دائرہ کار اور عملی اثرات مختلف ہیں۔ ایمرجنسی ایک وسیع تر آئینی اقدام ہے جس کا نفاذ غیر معمولی حالات میں کیا جاتا ہے، جبکہ گورنر راج کسی صوبے میں حکومت کے آئینی نظام کو ایک مخصوص طریقے سے وفاقی نگرانی میں لانے سے متعلق ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے لیے آرٹیکل 234 کی مدت 6 ماہ ہے جبکہ ایمرجنسی کی مدت کا تعیّن نہیں کیا گیا۔
ایمرجنسی کا نفاذ آئین کے آرٹیکل 232 جبکہ گورنر راج آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت عمل میں آتا ہے۔
آرٹیکل 232 اور 234 میں کیا فرق ہے؟
آئین پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 میں بنیادی فرق یہ ہے کہ آرٹیکل 232 ملک یا اس کے کسی حصے میں جنگ، بیرونی جارحیت یا ایسے سنگین اندرونی حالات کے باعث ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق ہے، جبکہ آرٹیکل 234 کا تعلق کسی صوبے میں آئینی مشینری ناکام ہونے کی صورت میں وفاق کی جانب سے خصوصی انتظام قائم کرنے سے ہے۔
آرٹیکل 232 کے تحت صدر مملکت مخصوص آئینی حالات میں ایمرجنسی نافذ کر سکتے ہیں، جس کے اثرات وسیع تر ہو سکتے ہیں، جبکہ آرٹیکل 234 کے تحت صدر، گورنر کی رپورٹ یا دیگر ذرائع سے مطمئن ہونے پر یہ اعلان کر سکتے ہیں کہ صوبائی حکومت آئین کے مطابق نہیں چلائی جا سکتی، جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے بعض یا تمام اختیارات صدر یا ان کی طرف سے مقرر کردہ اتھارٹی کے ذریعے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
عام سیاسی اصطلاح میں اسی انتظام کو گورنر راج کہا جاتا ہے۔ یوں مختصراً آرٹیکل 232 ایمرجنسی سے اور آرٹیکل 234 صوبے میں آئینی مشینری کی ناکامی سے متعلق ہے۔
صدر کے ہنگامی اختیارات
پاکستان کا آئین مختلف نوعیت کی ہنگامی صورت حال کے لیے صدرِ مملکت کو اختیارات دیتا ہے۔ اگر صدر کو اطمینان ہو کہ ملک یا اس کے کسی حصے کی سلامتی کو جنگ، بیرونی جارحیت یا ایسے سنگین اندرونی حالات سے خطرہ ہے جن سے صوبے میں آئینی حکومت چلانا ممکن نہیں رہا تو آئینی طریقہ کار کے تحت ایمرجنسی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
تاہم اس کے لیے آئینی شرائط اور پارلیمانی نگرانی موجود ہے اور ایمرجنسی کا مطلب یہ نہیں کہ ملک یا صوبے کی تمام منتخب حکومتیں خود بخود ختم ہوجاتی ہیں۔
گورنر راج کے دوران صوبائی اسمبلی کی حیثیت
گورنر راج کے دوران صوبائی اسمبلی کی حیثیت بھی اہم سوال بن جاتی ہے۔ آئین کے تحت صدر صوبائی اسمبلی کے اختیارات پارلیمنٹ کو دینے یا اسمبلی کے اختیارات کے استعمال سے متعلق خصوصی انتظام کر سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے بھی آئینی حدود اور پارلیمانی منظوری ضروری ہے۔
اس لیے گورنر راج کا مطلب محض یہ نہیں کہ گورنر صوبے کا نیا وزیراعلیٰ بن جاتا ہے، بلکہ یہ ایک آئینی انتظام ہے جس میں صوبے کے معمول کے انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کے استعمال کا طریقہ تبدیل ہوجاتا ہے۔
گورنر راج کا بنیادی جواز یہ ہے کہ صوبے میں آئینی حکومت چلانا ممکن نہیں رہا۔ یوں ہر گورنر راج ایک سنگین آئینی بحران کی علامت ضرور ہوسکتا ہے، لیکن ہر ایمرجنسی لازماً گورنر راج میں تبدیل نہیں ہوتی۔
ایمرجنسی اور گورنر راج کو ایک ہی چیز سمجھنا درست نہیں۔ کسی صوبے میں امن و امان کی خراب صورت حال، سیاسی بحران یا انتظامی مشکلات خود بخود گورنر راج کے نفاذ کے لیے کافی نہیں ہوتیں۔
اصل سوال یہ ہوتا ہے کہ آیا آئینی معیار کے مطابق صوبائی حکومت کو چلانا واقعی ممکن نہیں رہا۔ یہی وہ قانونی اور آئینی کسوٹی ہے جو دونوں اصطلاحات کے درمیان بنیادی فرق واضح کرتی ہے۔
آئین کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج دونوں کے مقاصد میں فرق ہے، عمران شفیق
سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل عمران شفیق نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل 232 اور 234 میں بہت واضح فرق ہے۔ گورنر راج کا نفاذ صوبائی حکومت کی مرضی سے کیا جاتا ہے جبکہ ایمرجنسی صوبائی حکومت کے خلاف لگائی جاتی ہے۔ آئین کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج دونوں کے مقاصد میں فرق ہے۔
انہوں نے کہاکہ گورنر راج کی مدت 6 ماہ ہے جس میں توسیع کی جا سکتی ہے جبکہ ایمرجنسی کی مدت کے بارے میں واضح طور پر نہیں لکھا گیا لیکن چونکہ الیکشنز کے لیے ایک مدت مقرر ہے تو اُس حوالے سے دیکھا جائے تو ایمرجنسی بھی زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔













