اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں طے

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف شامل ہیں۔

انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان میں بریفنگ میں شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورے کے دوران دیگر سرگرمیاں بھی ہوں گی، جن میں کثیرالجہتی نظام کے فروغ، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں، جبکہ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ابتدائی وارننگ کے نظام میں پاکستان کی پیشرفت کو اجاگر کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ تعاون کا اعادہ کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

دورے کے دوران بین الاقوامی امن اور ترقی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور اہم کردار کا اعتراف بھی کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا آئندہ دورہ کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، اقوام متحدہ کو اس نظام کا مرکزی محور رکھنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں سے پاکستان کے مستقل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp