ملک کے بالائی علاقوں میں 6 تا 7 اکتوبر شدید بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کا کسانوں کو اہم مشورہ

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں اگلے 2 روز کے دوران شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: انگور کے تاریخی باغات موسمیاتی تبدیلی کی زد میں، پیداوار 40 فیصد تک کم

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج رات ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور یہ 7 اکتوبر (منگل) تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر، محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف مقامات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ریجن میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

خیبر پختونخوا میں پیر کی رات سے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 7 اکتوبر (منگل) تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیے: ایل نینو اور موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں شدید گرمی اور مون سون کے خطرات کو کیسے بڑھا رہے ہیں؟

کشمیر میں اگلے دو روز کے دوران وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

گلگت بلتستان میں اسی عرصے کے دوران دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے لیے محکمہ موسمیات نے 6 اور 7 اکتوبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔

اگرچہ سندھ اور بلوچستان میں بنیادی طور پر گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ منگل کی شام اور رات کو بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان بھی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں جیسے کچے مکانات کی چھتوں اور دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

اس نے یہ بھی کہا کہ پیش گوئی کی مدت کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: تھرپارکر میں آسمانی بجلی اتنی زیادہ کیوں گرتی ہے؟

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے معاملات کا انتظام کریں، تمام متعلقہ حکام سے بھی کہا گیا کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp