وزیراعظم سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ اپنی مثبت شراکت داری، بالخصوص ہنرمند افرادی قوت اور نوجوانوں کے لیے باوقار اور پیداواری روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے بالخصوص اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور پیشہ ورانہ تربیت کو عالمی لیبر مارکیٹ کے معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے مزید سہولت معاون ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بین الاقوامی معاہدوں کے تقاضوں کے مطابق حکومت قومی افرادی قوت کی فلاح و بہبود، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ صنعتی ترقی، پیداواری استعداد اور ہماری لیبر مارکیٹ کی مسابقتی صلاحیت میں اضافے کے لیے حکومت نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ازسرنو فعال کیا ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مزید مضبوط تعاون اور تعمیری روابط سمیڈا کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کی افرادی قوت کے تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے آئی ایل او اور وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی کے درمیان مثبت رابطہ کاری کو بھی سراہا۔

گلبرٹ ایف ہونگبو نے پاکستان میں حکومت، آجرین اور ملازمین کے ساتھ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مسلسل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے افرادی قوت کی ہمہ گیر ترقی اور صنعتی پیش رفت کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ سینئر مشیر محترمہ ہیتومی ناکاگومے اور پاکستان میں آئی ایل او کے کنٹری آفس کے ڈائریکٹر مسٹر گیر تھامس ٹونسل بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر، ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر مجید عزیز، آئی ایل او کی گورننگ باڈی کے ڈپٹی ممبر (ورکرز) محمد سعد اور اعلیٰ حکومتی حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp