انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سہ ملکی سیریز: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرا دیا

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونیورسٹی آف لاہور انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم کو 13 رنز سے شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی قدم، انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کی یہ دوسری ناکامی ہے۔

بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز ہی بنا سکی۔

بنگلہ دیش کی اننگز

بنگلہ دیش کا آغاز اچھے انداز میں نہ ہو سکا اور دوسرے ہی اوور میں 4 کے مجموعی اسکور پر اس کی 2 وکٹیں گر گئیں۔

اس موقع پر اچینا جنت ایمانتا اور نشیتا اختر نے اننگز کو سنبھالا۔ نشیتا نے 20 اور اچینا نے 17 رنز بنائے جبکہ سعدیہ اسلام نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایک موقعے پر بنگلہ دیش کا اسکور 13.1 اوورز میں 88 رنز پر 5 وکٹیں تھا تاہم سعدیہ اختر اور فرزانہ یاسمین مدھا نے چھٹی وکٹ کے لیے 51 رنز کی غیر متزلزل شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 139 تک پہنچایا۔ سعدیہ اختر 33 اور فرزانہ 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

مزید پڑھیے: بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ لے اڑی، فائنل میں انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست

پاکستان کی جانب سے رائٹ آرم آف اسپنر روزینہ اکرم نے 21 رنز دے کر 2 اور ماہم نزاکت نے 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ٹیم کا اسکور کا تعاقب

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی کومل خان اور روائل فرحان نے 69 رنز کا شاندار اور جاندار آغاز فراہم کیا۔ کومل نے 29 گیندوں پر 36 رنز (4 چوکے، ایک چھکا) بنائے جبکہ روائل فرحان نے 29 گیندوں پر 32 رنز (6 چوکے) اسکور کیے۔

تاہم 10ویں اوور میں دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا رخ بدل گیا۔ ذوفشاں ایاز نے 30 گیندوں پر 32 رنز بنا کر جدوجہد جاری رکھی لیکن مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث بیٹنگ لائن کاؤنٹر اٹیک نہ کر سکی۔

بنگلہ دیش کی فرزانہ یاسمین نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار پائیں۔ نشیتا اختر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مختصر اسکور

بنگلہ دیش انڈر 19: 139/5 (20 اوورز): (سعدیہ اختر 33 ناٹ آؤٹ، فرزانہ یاسمین 28 ناٹ آؤٹ۔ روزینہ اکرم 2/21، ماہم نزاکت 2/22)

پاکستان انڈر 19: 126/7 (20 اوورز): (کومل خان 36، روائل فرحان 32، ذوفشاں ایاز 32: فرزانہ یاسمین 3/25، نشیتا اختر 2/28)

پلیئر آف دی میچ: فرزانہ یاسمین میدھا (بنگلہ دیش)

پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر موجود بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے اگلے میچ میں جمعرات 8 اکتوبر کو سری لنکا کا مقابلہ کرے گی۔

اب تک کے نتائج اور آئندہ کا شیڈول

ایونٹ کے تمام میچز فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ہیں۔ سیریز کے پہلے میچ میں 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش نے پاکستان کو 30 رنز سے شکست دی تھی جبکہ 3 اکتوبر کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔

5 اکتوبر کو تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے مات دی جبکہ 6 اکتوبر کو چوتھے مقابلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف 13 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

مزید پڑھیں: ’اب شاہینوں کی نظریں ورلڈ کپ پر ہیں‘، محسن نقوی کی سہ ملکی سیریز جیتنے پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

ٹورنامنٹ کے آئندہ شیڈول کے مطابق 8 اکتوبر کو بنگلہ دیش کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ 9 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بعد ازاں 11 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش، 12 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ سیریز کا آخری میچ 14 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp