نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رابطہ کرکے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا ہے۔
لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے شعبہ نشرواشاعت کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، جو پیٹرولیم لیوی پر حکومتی کمیٹی کے سربراہ ہیں، کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی اور جماعت اسلامی کی کمیٹیاں دونوں رہنماؤں، وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات کے لیے باہمی مشاورت سے شیڈول طے کرلیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ملاقات کا شیڈول طے کرنے اور پیٹرولیم لیوی کے مسئلے پر دونوں اطراف کے درمیان جلد مشاورت ہوگی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات میں لیوی بھتہ کے خاتمے کے بارے میں بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان وزیراعظم شہباز شریف سے آئی پی پیز معاہدوں اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے امور پر بھی بات چیت کریں گے۔














