محسن نقوی اور طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت سٹیفن ڈوٹی کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لیے تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔

افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی ملاقات کے دوران بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ سمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کی ہیں۔

برطانوی وزیر سٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی۔

ملاقات کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سیکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکریٹری میتھیو میک ماہون بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp