ناسا کے 4 خلا نورد 237 روز خلا میں گزارنے کے بعد اسپیس ایکس کے ڈریگن خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپسی کے سفر پر روانہ ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چاروں خلا نوردوں نے بدھ کی صبح ڈریگن خلائی جہاز کا دروازہ بند کیا، جس کے بعد ان کی واپسی کا عمل شروع ہوا۔ ڈریگن خلائی اسٹیشن سے الگ ہو کر آج (جمعرات) بحرالکاہل میں اترے گا۔
ناسا کی خلا نورد جیسیکا میئر ڈریگن کی کمان سنبھال رہی ہیں جبکہ جیک ہیتھ وے پائلٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یورپی خلائی ایجنسی کی سوفی ایڈنو اور روسی خلائی ادارے روسکوسموس کے آندرے فیڈیایف مشن کے ماہرین کے طور پر شامل ہیں۔
Crew-12 is headed home. Dragon Freedom undocked from the ISS this morning with NASA’s Jessica Meir and Jack Hathaway, ESA’s Sophie Adenot, and Roscosmos’ Andrey Fedyaev after 237 days in orbit. Splashdown off California expected tomorrow. pic.twitter.com/LDNmjIugK4
— Rocket Terminal (@RocketTerminal) October 7, 2026
ڈریگن خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے ہارمنی ماڈیول سے بدھ کی صبح 8 بج کر 5 منٹ پر الگ ہونے والا تھا۔ ناسا نے اس عمل کی براہ راست کوریج بھی فراہم کی۔
جمعرات کو براہ راست کوریج دوبارہ شروع ہوگی، جبکہ ڈریگن کی پیراشوٹ کی مدد سے بحرالکاہل میں لینڈنگ صبح 11 بج کر 34 منٹ پر متوقع ہے۔ ناسا اور اسپیس ایکس کی ٹیمیں خلائی جہاز کو سمندر سے نکال کر خلا نوردوں کا استقبال کریں گی۔
زمین پر واپسی سے قبل خلا نوردوں نے ڈریگن میں اپنا سامان، سائنسی نمونے اور دیگر اشیا منتقل کیں۔ انہوں نے پانی کے تھیلوں میں نمک کی گولیاں بھی شامل کیں تاکہ طویل عرصے خلا میں رہنے کے بعد زمین کی کششِ ثقل سے جسم کو دوبارہ ہم آہنگ ہونے میں مدد مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ناسا آرٹیمس II مشن: خلا بازوں نے چاند کے سفر کے راز ٹی وی شو میں بیان کر دیے
ڈریگن کی روانگی کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 7 افراد موجود رہیں گے، جن میں کریو 13 کے 4 ارکان بھی شامل ہیں۔ یہ خلا نورد صحت اور دیگر سائنسی تحقیقات میں مصروف ہیں اور ان کی واپسی 2027 کی بہار میں متوقع ہے۔














