اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان اختتام پذیر

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل ہوگیا، وہ 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرتے رہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے سے بھی آگاہ کیا اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خودارادیت و ریاست کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان، انسداد دہشتگردی، علاقائی و عالمی امن و سلامتی، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو صدر پاکستان سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ایوان صدر میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر نے عالمی امن اور ترقی کے لیے خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو نشانِ امتیاز عطا کیا۔

7 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر داخلہ و انسداد منشیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں:سالہا سال سے پاکستانی عوام کا مداح رہا ہوں، انتونیو گوتیرس کا نشان امتیاز ملنے پر خوشی کا اظہار

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات، خصوصاً امن مشنز میں نمایاں کردار اور مذاکرات، ثالثی اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کی، جہاں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہ کے نظام میں پاکستان کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

7 اکتوبر کو انتونیو گوتریس نے فارن سروس اکیڈمی میں ’بدلتی دنیا میں کثیرالجہتی نظام کا استحکام، جغرافیائی سیاست اور اقوام متحدہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو میں بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی سخاوت، ثابت قدمی اور یکجہتی کو سراہا۔

وزارت خارجہ کے مطابق دورے سے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کے اعادے اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کا اہم موقع ملا، جبکہ کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کی بھی توثیق ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp