’گورنر کو گاڑی کے پیچھے باندھ دوں گا، کوئی رہا کرکے تو دکھائے‘، اقبال آفریدی کی دھمکی

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے خلاف انتہائی سخت اور دھمکی آمیز بیان دے دیا۔

’صوبہ ٹی وی‘ کے نام سے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اقبال آفریدی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی گورنر کی حیثیت ہی کیا ہے، صوبے میں کسی کی ذاتی حکومت نہیں کہ وہ غیرقانونی طور پر ایسا اقدام کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کو ایکسپوز کرنے کا فیصلہ، اقبال آفریدی سے عہدہ واپس

اقبال آفریدی نے کہا کہ گزشتہ روز امن و امان سے متعلق گورنر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کی قانونی حیثیت بھی پوچھیں گے، ہم سے آئین اور قانون کی بات کی جائے، اگر دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر گلہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ’اگر یہ پنگا لینا چاہتے ہیں تو قسم قرآن کی، اسے درخت کے ساتھ باندھوں گا اور پوری رات کھڑا رہے گا۔ میں قبائلی ہوں، گورنر کو گاڑی کے پیچھے باندھوں گا، کوئی رہا کرکے تو دکھائے۔‘

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی ضرورت پڑی تو ضرور لگے گی: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد پہنچنے کے حوالے سے اقبال آفریدی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کوئی جلدی نہیں، عمران خان نے جیل میں 3 سال گزارے ہیں، ہم بھی ان کے سپاہی ہیں، اسلام آباد پہنچنے میں 2 ماہ بھی لگ جائیں تو پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن طویل جدوجہد کے لیے تیار ہیں اور حکمرانوں کو ان کے محلات میں آرام نہیں کرنے دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp