بحرین کے وزیر خارجہ کا دورۂ پاکستان، مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں اہم فیصلے

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بحرین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کا مشترکہ وزارتی کمیشن کا چوتھا اجلاس آئندہ سال منامہ میں منعقد ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 7 اور 8 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اسحاق ڈار سے دوطرفہ مذاکرات کیے اور صدر، وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و غذائی تحفظ، توانائی، بحری امور، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات، صحت، تعلیم، افرادی قوت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ روابط کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد، مشترکہ ورکنگ گروپس اور باقاعدہ رابطوں کے ذریعے پیش رفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

بحرین کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بحرین کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے کردار کو بھی سراہا۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے حالیہ علاقائی بحرانوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے لاحق دہشتگردی کے خطرات کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرینی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لینے اور باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp