وزیراعظم کا چھوٹے کاروباری افراد کے لیے قرضے دوگنا کرنے کا حکم

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے قرضوں کا ہدف دگنا کرکے 2028 تک 2.2 ہزار ارب روپے کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ موجودہ ہدف 1.1 ہزار ارب روپے ہے۔

پیر کے روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)  کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، وزیراعظم نے اجلاس میں چھوٹے کاروباری افراد کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے اور کاروباری مواقع بڑھانے پر زور دیا، خصوصاً پسماندہ علاقوں میں کاروبار کے فروغ کو اہم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقہ کی ہر ممکنہ مدد کر رہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بنک

وزیراعظم نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ چھوٹے کاروباری افراد کو بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے لیے دستیاب سہولتوں اور درخواست دینے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کی جامع حکمت عملی تیار کی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے سمیڈا کو کاروباری افراد کے لیے مرکزی رابطہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کی ہدایت بھی کی، جہاں انہیں کاروبار سے متعلق رہنمائی، تربیت اور بینکوں سے مالی معاونت حاصل کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔

اجلاس میں چھوٹے کاروباروں کے مختلف شعبوں کے لیے قابل عمل منصوبوں کی رپورٹس تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، تاکہ کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد اپنے منصوبوں کی افادیت، امکانات اور ضروری وسائل کا بہتر اندازہ لگا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: کاروباری خواتین کو قرضوں کی فراہمی کے لیے اے ڈی بی کی ساڑھے 15 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یہ رپورٹس مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوں، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کاروباری معلومات اور مالی رہنمائی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں کاروباری مواقع پیدا کرنا ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

اجلاس میں زیر غور اقدامات کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرضوں کی دستیابی بڑھانا، کاروباری معلومات تک رسائی آسان بنانا اور کاروباری افراد کو تربیت، رہنمائی اور بینکاری سہولتوں سے منسلک کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp