گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے بچوں اور خاتون ٹیچر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دردناک سانحہ ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
The tragic loss of innocent children in the school roof collapse in Peshawar’s Dir Colony is deeply heartbreaking. I have instructed the Education Advisor to submit a detailed report on the incident and directed the relevant authorities to ensure that the injured children receive…
— Faisal Karim Kundi (@fkkundi) October 15, 2026
دوسری جانب آئی جی پی ذوالفقار حمید نے سی سی پی او پشاور کو امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے اور ملبے تلے دبے افراد کو فوری اور محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق آئی جی پی نے چیف ٹریفک آفیسر پشاور کو ایمبولینسوں کی بلا تعطل آمدورفت کے لیے گرین کوریڈور قائم کرنے اور اسپتالوں کی جانب جانے والے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور میں نجی اسکول کی چھت منہدم، 21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق
آئی جی پی نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں اور اساتذہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔














