قومی اسمبلی کا اہم ترین اجلاس آج ، ایجنڈا جاری کردیا گیا

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج جمعہ، 16 اکتوبر 2026ء کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو رہا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ 7 نکاتی ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں اہم قانون سازی کے علاوہ عوامی اہمیت کے حامل مسائل پر توجہ دلاؤ نوٹسز پیش کیے جائیں گے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حدیثِ مبارکہ، نعتِ رسولِ مقبولﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا۔ اس کے بعد وقفہ سوالات کے دوران ممبران کی جانب سے دیے گئے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔

رکنِ اسمبلی محترمہ آسیہ ناز تنولی اسلام آباد کے سیکٹر I-10 اور I-11 کے درمیان سی ڈی اے کی جانب سے کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی، بدبو، زیرِ زمین پانی کی آلودگی اور صحتِ عامہ کے شدید خطرات کے معاملے پر وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی توجہ مبذول کرائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے گرفتار پی ٹی آئی رکن اسمبلی پروڈکشن آرڈرز پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، پارلیمانی لاجز سب جیل قرار

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت جناب خالد مقبول صدیقی ’نیشنل بک فاؤنڈیشن (ترمیمی) بل، 2026ء‘ (نیشنل بک فاؤنڈیشن ایکٹ، 1972ء میں مزید ترمیم) ایوان میں پیش کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینٹر مصدق مسعود ملک ’پاکستان موسمیاتی تبدیلی (ترمیمی) بل، 2026ء‘ (پاکستان موسمیاتی تبدیلی ایکٹ، 2017ء میں ترمیم) پیش کریں گے۔

ایوان میں وزیرِ برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی جانب سے پیش کردہ اس تحریک پر بحث جاری رہے گی جس میں 2 مارچ 2026ء کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرِ مملکت کے خطاب پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے پارلیمنٹ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی کثرت رائے سے توثیق کردی

رکنِ اسمبلی جناب خوشحال خان کاکڑ خشک سالی سے متاثرہ بلوچستان کی شمالی پشتون پٹی میں آبی ذخائر اور چیک ڈیمز کی تعمیر میں مکمل فقدان اور اس سے پیدا ہونے والی تشویش پر وزیر برائے آبی وسائل کی توجہ دلائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp