پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا، جس سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں واقع ایک بند مکان میں مشکوک پریشر ککر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری کارروائی کی۔ ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت کی نگرانی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ماہر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیے پشاور میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور سہولت کار سمیت ہلاک
پولیس کے مطابق مذکورہ مکان گزشتہ 5 سے 6 ماہ سے بند تھا۔ اس سے قبل یہ ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ تعمیراتی کام کے سلسلے میں مکان کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر موجود پایا گیا، جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت اور مؤثر کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو خصوصی شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ گنجان آباد علاقے میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر پشاور پولیس نے درجنوں قیمتی جانیں بچائیں۔
یہ بھی پڑھیے پشاور میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، 2 دہشتگرد ہلاک
آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے ناسور کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔













