اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن: 2 خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار، قیمتی گاڑیاں اور زیورات برآمد

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس کے سٹی زون نے جرائم پیشہ عناصر اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 5 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، انسدادِ جرائم کی مہم کے تحت تھانہ کوہسار اور تھانہ آبپارہ پولیس نے مشترکہ اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 4 خطرناک جرائم پیشہ گروہوں کو سوراخ لگایا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت کل 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے اسلام آباد: شراب برآمدگی کیس سے سینکڑوں غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری تک، اصل معاملہ کیا ہے

گرفتار ملزمان کے قبضے سے قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، نقد رقم اور قیمتی موبائل فونز برآمد کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

مالِ مسروقہ کی واپسی اور خصوصی تقریب

تھانہ کوہسار میں برآمد شدہ مالِ مسروقہ کی اصل مالکان کو واپسی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف نے شہریوں کو ان کی برآمد شدہ گاڑیاں، زیورات، نقدی اور دیگر سامان خود ان کے حوالے کیا۔ اس موقع پر اپنے قیمتی اثاثے واپس ملنے پر شہریوں نے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف کا کہنا تھا کہ شہریوں کی قیمتی املاک کی برآمدگی اور انہیں اصل مالکان تک پہنچانا اسلام آباد پولیس کی بہترین تفتیش اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیے نواب آف بہاولپور خاندان کے گھر چوری، 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد، 6 ملزمان گرفتار

انہوں نے اعلان کیا کہ شفافیت اور عوامی اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے سٹی زون میں ہر ماہ برآمد شدہ مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کے لیے ایسی تقریبات کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے گا۔

ایس پی محمد خرم اشرف نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے گا اور اسلام آباد پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp