گلگت بلتستان کی ثقافت سے جڑا حسن رحیم کا گانا گریمی ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی گلوکار حسن رحیم نے اپنے گانے ’بے وجہ‘ کو موسیقی کے دنیا کے معتبر ترین اعزازات، گریمی ایوارڈز 2027 کی 2 کیٹیگریز میں نامزدگی کے لیے پیش کر دیا ہے۔

حسن رحیم نے جمعرات کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ان کا گانا ’بے وجہ‘ بہترین میوزک ویڈیو اور بہترین عالمی موسیقی کی پرفارمنس کی کیٹیگریز میں غور کے لیے جمع کرایا گیا ہے۔

اردو اور شینا زبان میں گایا گیا یہ گانا غم اور جدائی کے احساسات پر مبنی ایک دل نشیں نغمہ ہے، جس کی موسیقی اور جذبات میں گلوکار کے آبائی علاقے گلگت بلتستان کی پہاڑی ثقافت کی جھلک نمایاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تلویندر کے ساتھ پرفارمنس پر پاکستانی گلوکار حسن رحیم نے خاموشی توڑ دی

روایتی سازوں اور ردھم پر مبنی اس گانے میں 2 محبت کرنے والوں کے جذبات کو مکالماتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

گانے کی خاص بات اس کی خوب صورت میوزک ویڈیو بھی ہے، جسے شمالی پاکستان کی بلند و بالا پہاڑی چوٹیوں کے سائے میں فلمایا گیا ہے۔

ویڈیو میں زیادہ تر مناظر پولو کے ایک مقابلے کے گرد گھومتے ہیں، سفید لباس اور زیورات میں ملبوس حسن رحیم، سیاہ لباس پہنے دیگر افراد کے درمیان نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔

گلوکار نے گانے کی ریلیز کے موقع پر انسٹاگرام پر بتایا تھا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا پولو بین الاقوامی سطح پر کھیلے جانے والے روایتی اور منظم انداز سے مختلف ہے۔ یہ فری اسٹائل پولو ہے، جو شندور پولو فیسٹیول کے حوالے سے مشہور ہے۔

اس کھیل میں روایتی طور پر باقاعدہ قواعد و ضوابط اور ریفری موجود نہیں ہوتے۔ حسن رحیم کے مطابق ہر شخص کو زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ یہ کھیل ضرور دیکھنا چاہیے۔

حسن رحیم سے قبل پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع نے اپنا البم ’کھلنے کو‘ جبکہ عروج آفتاب نے اپنا گانا ’رات کی رانی‘ گزشتہ برس گریمی ایوارڈز کے لیے پیش کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’آپ مہدی حسن جیسی آواز کہاں سے لائیں گے‘

اگرچہ دونوں فنکاروں کو ان اندراجات پر ایوارڈ نہیں ملا، تاہم عروج آفتاب نے 2022 میں اپنے گانے ’محبت‘ پر بہترین عالمی موسیقی کی پرفارمنس کا گریمی ایوارڈ جیت کر یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فنکارہ ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب ساؤنڈ انجینئر طوریس حبیب نے فلم ’ڈیون: پارٹ ٹو‘ کے ساؤنڈ ٹریک پر کام کرنے کے باعث گزشتہ برس گریمی ایوارڈ جیتا تھا، اس کامیابی کے ساتھ وہ گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی قرار پائے۔

گریمی ایوارڈز 2027 کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے، جس کے ذریعے ایوارڈز کے لیے نامزد فنکاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی گلوکارہ کی پاکستانی ہٹ گانے ’میری زندگی ہے تو‘ پر پرفارمنس پر وائرل

ووٹنگ کا یہ مرحلہ 22 اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ نامزدگیوں کا اعلان 16 نومبر کو کیا جائے گا۔

سال 2027 کے فاتحین کے انتخاب کے لیے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 10 دسمبر سے 7 جنوری تک ہوگی، ایوارڈز کی تقریب 7 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس میں 69ویں گریمی ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp