کولمبیا کا یروشلم میں سفارتخانہ کھولنے کا اقدام مسترد، پاکستان سمیت 19 ممالک کی مذمت

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سمیت 19 ممالک نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ یروشلم میں سفارت خانہ کھولنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے منافی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، مصر، فلسطین، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، اردن، انڈونیشیا، ملائیشیا، الجزائر، عمان، کویت، لبنان، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، شام، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کولمبیا کے اس فیصلے کو مسترد کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ یروشلم کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے یا اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی اور بے اثر ہے۔ یہ مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں 476 اور 478 کے مطابق ہے، جو یروشلم کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں اور ممالک سے شہر میں قائم سفارتی مشنز واپس بلانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔

وزرائے خارجہ نے کولمبیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی پابندیوں پر اسرائیل کا ردعمل، مشرقی یروشلم میں قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات سے فلسطینی عوام کے جائز حقوق متاثر نہیں ہونے چاہییں، جن میں مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp