بالی وڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اپنے والد کی موت سے متعلق مبینہ تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس معاملے کو دوبارہ زیرِ بحث لایا جا رہا ہے، وہ پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر کی موت کی خبر کے بعد انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر لکھا تھا کہ ’شیطان مر گیا۔‘
اداکارہ کا یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جس کے بعد نانا پاٹیکر کے مداحوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ شیطان کی موت ہے‘، نانا پاٹیکر کے انتقال پر تنوشری دتہ کا چونکا دینے والا ردعمل
بعد ازاں ملہار پاٹیکر نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جس معاملے کو لوگ بلاوجہ دوبارہ اٹھا رہے ہیں، وہ پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے معاملہ واضح ہو چکا ہے اور کیس بھی ختم ہو گیا ہے، اس کے باوجود بعض لوگ اس پر بات کر رہے ہیں۔
ملہار پاٹیکر نے مزید کہا کہ وہ ایسے لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتے، کیونکہ سچ اپنی جگہ برقرار رہتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’اپنے ہی گھر میں ہراسانی کا شکار ہوں، تنوشری دتہ کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ خدا ان لوگوں کا بھلا کرے، ان کی جانب سے بس یہی کہنا ہے۔
واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے 2018 میں بالی وڈ میں شروع ہونے والی ’می ٹو‘ مہم کے دوران 2008 کی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔
اداکارہ کے مطابق فلم کے سیٹ پر ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا تھا، ان الزامات نے بھارتی فلم انڈسٹری میں خواتین کو درپیش ہراسانی کے مسائل پر ایک وسیع بحث کو جنم دیا تھا۔












