محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی حصوں میں مطلع جزوی آبرآلود اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم گلگت بلتستان اور پنجگور میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردو نواح کے علاقوں میں موسم مکمل طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی علاقوں میں 6 تا 7 اکتوبر شدید بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کا کسانوں کو اہم مشورہ
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور اس کے گردونواح میں بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں موسمی تبدیلیاں
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم دن کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، لیکن بعد از دوپہر جنوب مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور پنجگور و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور درجہ حرارت
کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی مطلع جزوی آبرآلود رہنے اور صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے، جہاں گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کو سرد رہا۔
ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ گرمی مٹھی میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کا سیلابی انتباہ
اس کے علاوہ کراچی میں 39 ڈگری، جبکہ تربت، لسبیلہ اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں ملک میں دہرے موسمی اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں دن کے وقت خشک اور گرم ہوائیں چلتی ہیں جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت گرنے سے سردی کی آمد کا احساس بڑھ جاتا ہے۔
شمالی علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی۔











