پی ٹی آئی کے سینیٹر مرزا آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا راستہ دوبارہ کھل سکتا ہے؟
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مرزا آفریدی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے ارکانِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھی تفصیلی تجاویز سامنے آئی ہیں۔
’اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی سے متعلق ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت سینیٹرز کی جانب سے متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔‘
اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تمام ارکانِ اسمبلی نے اتفاق کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو تبدیل ہونا چاہیے، سینیٹر مرزا آفریدی@SenMMAfridi pic.twitter.com/qH5sq86Aay
— WE News (@WENewsPk) October 19, 2026
انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کے ارکان کے ساتھ زوم پر اجلاس بھی ہو چکا ہے، جس میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی ضرورت پر بات کی گئی۔ ان کے مطابق ارکانِ قومی اسمبلی اور ارکانِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھی اس معاملے پر متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔
سینیٹر مرزا آفریدی کا کہنا تھا کہ اب دیکھا جائے گا کہ اس حوالے سے کیا فیصلہ کیا جاتا ہے، پارٹی کی موجودہ قیادت سے بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ گزشتہ 4 سال کے دوران ہونے والی پیشرفت اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی، پی ٹی آئی قیادت نے کوئی احتجاج یا مزاحمت کیوں نہ کی؟
انہوں نے عمران خان کی جیل میں موجودگی اور ان سے ملاقاتوں پر پابندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی جیل میں ہیں اور ان کے خاندان کا کوئی فرد ایسا نہیں رہا جو ان سے ملاقات کر سکے۔











