پی ٹی آئی افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، صوبے میں حکومت کی تبدیلی کی ذمے دار وہ خود ہے، پرویز خٹک

اتوار 25 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما و خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں  حکومت کی تبدیلی کی ذمے داری پی ٹی آئی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دے دی، این ایف سی فنڈز مل جائیں گے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

میڈیا رپورٹس کے مطابق مانکی شریف نوشہرہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایسی پالیسیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں اس کی حکومت ختم ہوئی اور صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی ذمے دار وہ (پی ٹی آئی) خود ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا اور سیاسی طور پر ایسا فیصلہ اچھا نہیں ہوتا لیکن حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔

مزید پڑھیے: بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، پشاور اسکول سانحے پر بریفنگ

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ان سے صوبے کے مسائل پر تفصیلی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں جو کام شروع کیے اب ان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ نہیں، پرویز خٹک

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی آزاد ہوں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کے ساتھ تبادلہ خیال

پرویز خٹک اور فیصل کریم کنڈی کی ملاقات کے دوران صوبے کی ترقی، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز خٹک سے صوبے کے سیاسی اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی ان کا طویل سیاسی تجربہ ہے اور انہوں نے اپنے دور حکومت میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام سیاسی رہنماؤں اور مشیران کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی یقینی بنانی ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ تاریخ کی سب سے بڑی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے سامنے اپنے صوبے کا مقدمہ پیش کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم  شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا  فیصل کریم کنڈی کی اہم ملاقات، کیا کچھ زیر بحث آیا؟

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے الگ ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا اور گندم کا مسئلہ حل کیا جبکہ این ایف سی کے واجب الادا فنڈز بھی بہت جلد مل جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبے کے مل کر کام کرنے سے ہی مسائل حل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp