متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ کا اجرا شروع

اتوار 25 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے الیکٹرونک پاسپورٹ یعنی ای پاسپورٹ کے اجرا کا آغاز 23 اکتوبر 2026 سے کر دیا گیا ہے۔

ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے پاکستانی شہریوں کو ای پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کی فیس اس کی مدتِ میعاد، صفحات کی تعداد اور اجرا کے طریقہ کار، یعنی معمول کی یا فوری سروس، کے مطابق مختلف ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: مشین ریڈایبل پاسپورٹ بند، اب صرف ای پاسپورٹ جاری ہوں گے

دستیاب معلومات کے مطابق، 5 سال کی مدتِ میعاد اور 36 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کی معمول کی فیس 145 درہم مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 ہزار 20 روپے بنتی ہے۔

دوسری جانب، سب سے زیادہ فیس 2 ہزار 540 درہم ہے، جو 10 سال کی مدتِ میعاد اور 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ دوسری مرتبہ گم ہونے کی صورت میں فوری بنیادوں پر دوبارہ بنوانے کے لیے ادا کرنا ہوگی۔

ایک درہم کے بدلے 76 پاکستانی روپے کے حساب سے یہ رقم تقریباً ایک لاکھ 93 ہزار 40 روپے بنتی ہے۔

مزید پڑھیں:  سابق ارکان پارلیمنٹ کو تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت دینے کا بل منظور، اب کیا کیا آسانیاں حاصل ہوں گی؟

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ مشین ریڈ ایبل پاکستانی پاسپورٹ اپنی مقررہ تاریخِ تنسیخ تک قابلِ استعمال رہیں گے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موجودہ پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے سے 6 ماہ سے کم مدت باقی رہ جانے پر ہی تجدید کے لیے درخواست دیں۔

ای پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دہندگان کے لیے اپنے نام اور خاندانی نام یعنی فرسٹ اور لاسٹ نیم فراہم کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

یو اے ای میں نئے ای پاسپورٹ کی فیس

پاسپورٹ کی فیس اس کی مدتِ میعاد، صفحات کی تعداد اور پروسیسنگ کی رفتار کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔

5 سال کی مدتِ میعاد اور 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی معمول کی فیس 145 درہم جبکہ فوری سروس کی فیس 235 درہم ہوگی۔

اسی طرح، 10 سال کی مدتِ میعاد اور 36 صفحات والے پاسپورٹ کے لیے معمول کی فیس 215 درہم اور فوری سروس کی فیس 355 درہم مقرر کی گئی ہے۔

72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کے لیے پانچ سالہ مدتِ میعاد کی معمول کی فیس 260 درہم اور فوری سروس کی فیس 425 درہم ہوگی، جبکہ 10 سالہ مدتِ میعاد کے حامل 72 صفحات کے پاسپورٹ کی معمول کی فیس 390 درہم اور فوری سروس کی فیس 635 درہم ہوگی۔

گم شدہ ای پاسپورٹ دوبارہ بنوانے کی فیس

پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں دوبارہ اجرا کے لیے زیادہ فیس ادا کرنا ہوگی، اس کا انحصار پاسپورٹ کی مدتِ میعاد، صفحات کی تعداد، پروسیسنگ کی رفتار اور اس بات پر ہوگا کہ پاسپورٹ پہلی مرتبہ گم ہوا ہے یا دوسری مرتبہ۔

5 سالہ مدتِ میعاد اور 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ پہلی مرتبہ گم ہونے پر معمول کی سروس کے تحت 290 درہم اور فوری سروس کے لیے 470 درہم فیس مقرر کی گئی ہے۔

دوسری مرتبہ گم ہونے کی صورت میں یہی فیس بالترتیب 580 اور 940 درہم ہوگی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سمیت دیگر خدمات کے لیے ایک ہی چھت تلے مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

10 سالہ مدتِ میعاد اور 36 صفحات کے پاسپورٹ کی پہلی مرتبہ گمشدگی پر معمول کی فیس 430 درہم اور فوری سروس کی فیس 710 درہم ہوگی، جبکہ دوسری مرتبہ گم ہونے پر معمول کی فیس 860 درہم اور فوری سروس کی فیس ایک ہزار 420 درہم ہوگی۔

72 صفحات کے 5 سالہ پاسپورٹ کی پہلی مرتبہ گمشدگی پر معمول کی فیس 520 درہم اور فوری سروس کی فیس 850 درہم ہوگی۔ دوسری مرتبہ گم ہونے پر یہ فیس بڑھ کر بالترتیب ایک ہزار 40 اور ایک ہزار 700 درہم ہوجائے گی۔

اسی طرح، 10 سالہ مدتِ میعاد اور 72 صفحات کے پاسپورٹ کی پہلی مرتبہ گمشدگی پر معمول کی فیس 780 درہم اور فوری سروس کی فیس ایک ہزار 270 درہم ہوگی۔

دوسری مرتبہ گم ہونے پر معمول کی فیس ایک ہزار 560 درہم جبکہ فوری سروس کی فیس 2 ہزار 540 درہم مقرر کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp