حکومت نے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرکے مکمل طور پر الیکٹرانک پاسپورٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر ایک ماہ کے اندر عمل درآمد متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ایک ماہ کے اندر مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کردیا جائے گا، جس کے بعد ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں صرف ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ تاہم پہلے سے جاری مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنی مدتِ معیاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے۔
The @NAofPakistan was informed today that the government has decided to discontinue the issuance of Machine Readable passports and transition entirely to the electronic passports (e-passports)@DGIPofficial @DrTariqFazal #RadioPakistan #News https://t.co/hP0YZHNiIE
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) October 16, 2026
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پاکستان عالمی سطح پر امیگریشن نظام میں ہونے والی تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق ای پاسپورٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاسپورٹ میں نصب الیکٹرانک چِپ جعل سازی کو روکنے میں مدد دے گی اور حکومت اس نظام کو جلد از جلد متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وضاحت کی کہ ملک کی بڑی آبادی اور پاسپورٹ دفاتر کو درپیش انتظامی مسائل کے باعث اس منصوبے میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے، تاہم حکومت ایک ماہ کے اندر نظام شروع کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایئر پورٹ پر کیوں روکا، رکن بلوچستان اسمبلی زاہد ریکی نے احتجاجاً پاسپورٹ ایوان میں پھینک دیا
قومی اسمبلی میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عالمی سفری تقاضوں کے پیش نظر موجودہ پاسپورٹ نظام کو جدید بنانا ضروری ہے۔ ای پاسپورٹ میں موجود چِپ مسافر کی شناخت اور سفری معلومات کی تصدیق میں مدد دے گی۔












