امریکی ایوانِ نمائندگان میں نئی تاریخ رقم، ڈیموکریٹس کی 100 سے زائد خواتین کامیاب

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابی نتائج کے مطابق پہلی بار امریکی تاریخ میں 100 سے زائد ڈیموکریٹ خواتین بیک وقت ایوانِ نمائندگان کی رکن بننے جا رہی ہیں، جسے امریکی سیاست میں خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نیو میکسیکو سے تعلق رکھنے والی رکنِ کانگریس اور ڈیموکریٹک ویمنز کاکس کی سربراہ ٹریسا لیگر فرنانڈیز نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ خواتین نے اپنے ووٹوں سے تاریخ رقم کی، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد ڈیموکریٹ خواتین کو ایوانِ نمائندگان میں منتخب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امیگریشن فراڈ تحقیقات کے باوجود الہان عمر پانچویں بار امریکی کانگریس کی رکن منتخب

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں اور ری پبلکنز کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کے اثرات کا سب سے زیادہ سامنا خواتین نے کیا، تاہم حالیہ انتخابات میں انہوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے واضح کر دیا کہ وہ موجودہ صورتِ حال سے مطمئن نہیں ہیں۔

ڈیموکریٹک ویمنز کاکس کے انتخابی ونگ ’الیکٹ ڈیموکریٹک ویمن‘ نے انتخابی مہم کے آغاز ہی سے 100 خواتین کی کامیابی کو اپنا ہدف بنایا تھا۔

فلوریڈا سے رکنِ کانگریس اور تنظیم کی بانی رکن لوئس فرینکل کے مطابق 100 خواتین کا ایوان میں پہنچنا ایک اہم علامتی کامیابی ہے، اگرچہ جماعت کی خواہش اس سے بھی زیادہ خواتین کو منتخب کرانے کی ہے۔

اس تاریخی پیش رفت کے پیچھے کئی دہائیوں کی سیاسی جدوجہد، امیدواروں کی تیاری اور انتخابی فنڈز جمع کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

ایملی لسٹ سمیت مختلف تنظیموں نے ڈیموکریٹ خواتین کو انتخابی میدان میں آگے بڑھانے اور کامیاب مہمات چلانے میں مدد فراہم کی۔

مزید پڑھیں: غزہ میں زخمیوں کا علاج کرنے والے سرجن آدم حموی امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن منتخب

ایملی لسٹ کی صدر جیسیکا میکلر نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین کو مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں تو وہ کامیاب انتخابی مہمات چلا سکتی ہیں۔

حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جانب سے حاصل کی گئی 40 نشستوں میں سے 18 پر خواتین امیدوار کامیاب ہوئیں۔

ان کامیابیوں میں مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں اور بدعنوانی کے تاثر پر ووٹرز کی ناراضی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

انتخابات میں جن خواتین نے کامیابی حاصل کی ہے ان میں نیویارک سے الیگزینڈرا اوکاسیو کورٹیز، مشی گن سے رشیدہ طلیب اور منی سوٹا سے الہان عمر بھی شامل ہیں، جو دوبارہ امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ تصویر سوشل میڈیا

کچھ خواتین امیدواروں نے اپنی ہی جماعت کے موجودہ ارکان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی، جارجیا کی نومنتخب رکن جیسمین کلارک، کولوراڈو کی میلات کیروس اور نیویارک کی داریا لیزا اویلا شیوالیے ان میں شامل ہیں۔

جیسمین کلارک کانگریس میں پہلی سیاہ فام خاتون پی ایچ ڈی سائنس دان ہوں گی، جبکہ میلات کیروس کولوراڈو کی نمائندگی کرنے والی پہلی سیاہ فام خاتون اور کانگریس کی پہلی جنریشن زی خاتون رکن بنیں گی۔

واضح رہے کہ خواتین امریکی آبادی کا تقریباً نصف ہیں، تاہم کانگریس میں ان کی نمائندگی اب بھی صرف 28 فیصد ہے۔

مزید پڑھیں: ’فلسطین سے ایران تک ہمارے بم معصوم خواتین اور بچوں کو مار رہے ہیں‘، امریکی رکن کانگریس

1917 میں جینیٹ رینکن کانگریس کی پہلی خاتون رکن منتخب ہوئی تھیں، اس کے بعد خواتین نے سیاسی نمائندگی اور مساوی سہولیات کے حصول کے لیے طویل جدوجہد کی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق 100 سے زائد ڈیموکریٹ خواتین کی متوقع کامیابی امریکی سیاست میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے اور مستقبل میں ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت میں خواتین کی نمائندگی بڑھنے کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں گالیوں کی انوکھی دنیا، کبھی یہی الفاظ جیل پہنچا دیا کرتے تھے

ایل پی جی سیکٹر پر چند افراد کی اجارہ داری ختم کردی، مسابقت سے قیمتیں کم ہوں گی، علی پرویز ملک

مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائیوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، تجاوزات کے خلاف مہم جاری رہے گی، طلال چوہدری

انٹرنیٹ پر نئے صارفین کو لوٹنے کے لیے فراڈیے تیار، خود کو محفوظ کیسے رکھیں؟

پیٹرول کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بڑی کمی، 6 نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا

ویڈیو

بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے گئے بیوٹمز یونیورسٹی کے 51اساتذہ واپس کیوں نہیں آئے؟

عمران خان کن رہنماؤں سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے؟ عمار مسعود اہم خبریں سامنے لے آئے

گورنر راج کے بعد خیبرپختونخوا میں وفاق کا تیسرا حکمنامہ، بلدیاتی انتخابات پر پابندی

کالم / تجزیہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟