کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے محمد عامر کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ باولر کا ایگریشن ہوتا ہے، اگر غلط کیا ہوتا تو ریفری عامر پر جرمانہ کرتے، عامر کے ساتھ کوئی فاسٹ باولر ایسا نہیں جو وکٹ لے کر دے، پلیئرز کو مضبوط ارادوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک میچ آفیشلز کو عامر پر کوئی اعتراض نہیں ہے، مجھے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے،مجھے نہیں لگتا کہ عامر نے جان بوجھ کر کچھ ایسا کیا، بابراعظم کی طرف گیند پھینکنا ہیٹ آف دی مومنٹ کا نتیجہ تھا۔

عماد وسیم نے کہا کہ میڈیا پر جو کچھ بھی آتا ہے وہ مکمل سچ نہیں ہوتا، میں بابر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، کیونکہ ہماری ٹیم جس طرح سے کھیل رہی ہے، ہمیں نتائج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے محمد عامر کی گیند کو ڈیفینڈ کیا تو محمد عامر نے گیند واپس بابر اعظم کی جانب زور سے پھینکی جس پر محمد عامر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔












