وفاقی کابینہ: ایف بی آر میں اصلاحات کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز کے حوالے سے کابینہ اراکین کی آرا کی روشنی میں نگراں وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے دیگر ممبران میں وفاقی وزیر برائے نجکاری، خارجہ امور، تجارت، توانائی، قانون و انصاف اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہوں گے۔ کمیٹی ان تجاویز کے حوالےسے اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔

کابینہ نے ملک میں ٹیکس آمدن میں اضافے، ٹیکس جی ڈی پی تناسب میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے پیش کی گئی مفصل تجاویز پر نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام ممبران نے مشترکہ طور پر ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے ان تجاویز کی تائید کی اور اس موقف کا اعادہ کیا کہ نگراں حکومت ایف بی آر اصلاحات کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

عام انتخابات کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ یہ دستے حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر فرائض سر انجام دیں گے اور ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر بھی کام کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہر حسین قریشی کی ایس ایم ایس بینک کے صدر کے طور پر مدت ملازمت میں 3 ماہ یا ادارے کی باضابطہ بندش تک کی توسیع کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر اسلام آباد ہیلتھ ریگیولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ میں میڈیکل کالجز کے نمائندے کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر انور علی شاہ، پرنسپل شفا کالج آف ڈینٹسٹری، شفا تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد اور پرائیویٹ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ سیکٹر کے نمائندے کے لیے ڈاکٹر درشہوار فیصل کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وی سی ذوالفقار بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پرشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ وزیر قومی صحت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 9 جنوری اور 17 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp