کرپشن اسکینڈل: وزیراعظم نے ایف بی آر کے 12 افسران کو او ایس ڈی بنا دیا، کارروائی کا حکم

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آئی) کے 12 افسران کو کرپشن پر او ایس ڈی بنا دیا۔

جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم نے ایف بی آر میں اربوں روپے کی چوری روکنے کے لیے بڑا قدم اٹھایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مکمل جانچ پڑتال کے بعد محکمہ ان لینڈ ریونیو اور پاکستان کسٹمز کے 12 کرپٹ افسران کو او ایس ڈی بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کرپٹ افسران کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نے کہاکہ ایف بی آر میں ہر سال اربوں روپے کے نقصان اور اربوں کا ٹیکس جمع نہ ہونے سے متعلق خبریں آتی تھیں۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ اس سارے معاملے میں ایف بی آر کے 21ویں اور 22ویں اسکیل کے افسران کرپشن میں ملوث تھے جنہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے ان افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم  دیا ہے اور آگے چل کر کئی افسران کو نوکری سے برخاست بھی کیا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکس کلیکشن کا ادارہ کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، بہت عرصہ سے اس حوالے سے غور و خوض کیا جا رہا تھا اور وزیراعظم تقریباً ہر اجلاس میں ٹیکس کی چوری کو روکنے کی بات کرتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ متعدد افسران کو واپس ایف بی آر میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اب ان تمام افسران کو عہدوں سے ہٹاکر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ایف بی آر کے ان افسران کی مالی حیثیت اور اہلیت کو جانچنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے بعد وزیراعظم کی جانب سے ٹیکس اصلاحات کا شروع کیا گیا سلسلہ آگے بڑھے گا، ٹیکس کلیکشن میں اضافہ ہوگا اور نظام میں بہتری آئے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp