دھاندلی کی ذمہ دار نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن، سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، عمران خان

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کا بیانیہ 8 فروری کو فیل ہو گیا، مجھے جب تک جیل میں رکھنا ہے رکھیں لیکن غلامی قبول نہیں کروں گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا، ایسی صورت میں معیشت بیٹھ جائے گی اور سیاسی استحکام نہیں آسکے کا۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، شریفوں کی ساری سیاست ایس آئی ایف سی پر منحصر ہے مگر ایسے فورمز بنانے سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری نہیں آ جاتی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ میں گزشتہ روز کی کور کمانڈرز کانفرنس کی مکمل تائید کرتا ہوں، سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو کڑی سزائیں ملنی چاہیئیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے اس میں ملوث لوگوں کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ سانحہ 9 مئی پر ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا۔ کیپیٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے، جو لوگ جیتے ہیں ان کو بھی معلوم ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔

’پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی‘

عمران خان نے کہاکہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی۔ اتوار کو پشاور میں دھاندلی کے خلاف سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

انہوں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شریف خاندان کا سب سے بڑا یو ٹرن پہلے ووٹ کو عزت دو سے پیچھے ہٹنا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں تو صرف 4 حلقوں کا آڈٹ کروا لیں۔ ’پشاور سے نور عالم خان، لاہور سے نواز شریف اور عون چوہدری جبکہ اسلام آباد کا کوئی حلقہ کھلوا کر آڈٹ کروا لیں سب سامنے آ جائے گا‘۔

’جنرل باجوہ نے ہمیں بھی اچھے بچے بننے کا کہا تھا‘

انہوں نے کہاکہ اگر پُرامن احتجاج کرنا ٹکراؤ ہے تو پھر جمہوریت کو ختم کر دیں۔ مولانا فضل الرحمٰن اور خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ جنرل باجوہ نے حکومت گرانے کا کہا تھا۔ ’باجوہ نے ہمیں بھی یہ کہا تھا کہ اچھے بچے بن جاؤ اور چپ کر کے بیٹھ جاؤ‘۔

عمران خان نے کہاکہ ن لیگ کی 25 سے زیادہ نشستیں نہیں تھیں مگر ان کی حکومت بنوا دی گئی۔ ہمیں غلامی قبول کرنے کا کہا جا رہا ہے مگر ایسا کرنے والی قومیں ختم ہو جاتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp