صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیح برادری کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ ایسٹر کا تیوہار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
مزید پڑھیں
صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں، آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام بنیادی سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق حاصل ہیں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی خوش حالی کے اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقلیتوں سمیت پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
مسیحی برادری کو پُرامن ایسٹر کی مبارکباد، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے ایسٹر 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں ایسٹر کے تیوہار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔ آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ آئیں ہم مل کر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ایک بار پھر سے ہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہماری تمام مسیحی برادری کو پُرامن ایسٹر کی مبارکباد، پاکستان پائندہ باد۔