وادی کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا 5 سالہ ننھے ٹک ٹاکر ابوبکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی جس میں ابوبکر معارف ٹی وی اینکر وسیم بادامی سے شکوہ کرتے دکھائی دے رہا ہے۔
مزید پڑھیں
بابا چے کے نام سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر ابو بکر نے چند روز قبل ایک ویڈیو اپلوڈ کی، جس میں وہ ٹی وی اینکر وسیم بادامی سے اس بات کا شکوہ کرتے دکھائی دیے کہ وسیم بادامی نے ملک کے دیگر بچوں کی طرح انہیں اپنی رمضان ٹرانسمشن میں کیوں نہیں بلایا؟۔
’وسیم بادامی میں آپ سے بہت ناراض ہوں‘
ابو بکر نے اپنی ویڈیو میں وسیم بادامی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وسیم بادامی میں آپ سے بہت ناراض ہوں کیونکہ آپ نے سارے بچے بلائے لیکن مجھے کیوں نہیں بلایا۔ کیا میں بچا نہیں ہوں اور کیا میں پاکستان سے نہیں ہوں۔ میں بھی ٹیلنٹ والا ہوں، کیا میں دوسرے بچوں سے کم ہوں‘۔
ابوبکر نے مزید کہا کہ ’ہاں میں بلوچستان سے ہوں جہاں ٹیلنٹ کی کوئی قدر نہیں۔ بس میری بات کا برا مت منانا میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں‘۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مہمان
ابوبکر کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ننھے ٹک ٹاکر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس مدعو کیا۔ جہاں اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ٹیلنٹ کسی بھی طرح دیگر صوبوں سے کم نہیں۔ حکومت اپنے باصلاحیت آرٹسٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے میں مدد اور موقع فراہم کرے گی۔
ابوبکر کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ابوبکر کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا، میرسرفراز بگٹی ان سے پیار و شفقت سے ملے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چائلڈ ٹک ٹاکر کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ایک لاکھ روپے عیدی اور ماسٹر تک تعلیمی کفالت کا اعلان کیا ۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ابوبکر المعروف ’بابا چے‘ کو یقین دلایا کہ ان کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے نجی ٹی وی چینل کے مالک اور پروگرام کے میزبان سے رابطہ کرکے پروگرام میں آپ کو مدعو کرنے کا کہا جائے گا۔
نوابزادہ جمال رئیسانی سے ملاقات
دوسری جانب نوجوان رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے بھی ننھے ٹک ٹاکر ابوبکر عرف بابا چے سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کی۔
وسیم بادامی سے رابطہ
نوابزادہ جمال رئیسانی نے ننھے ابوبکر کا معروف اینکرپرسن وسیم بادامی سے رابطہ کرایا، جس پر وسیم بادامی کی ابوبکر کو ٹی وی پر لائیو دعوت دینے کی یقین دہانی کروائی۔ وسیم بادامی نے کہا کہ میں آج آپ کو ٹرانسمیشن میں لائیو دعوت دوں گا۔ اگلے سال آپ یکم رمضان المبارک سے ٹرانسمیشن کا حصہ ہوں گے۔