دنیا کی سب سے چھوٹی خاتون کون، امریکی ہارر سیریز میں کیا کردار ادا کررہی ہیں؟

منگل 23 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے چھوٹے قد کی خاتون اور اداکارہ جیوتی امگے نے کہا ہے کہ انگریزی ہارر سیریز میں کام کے دوران انہوں نے اپنی ہنسی اور قہقہوں پر کنٹرول کرنے کی بہت کوشش کی اور اس میں کامیاب رہی۔

30 سالہ جیوتی امگے 2014 میں دنیا کی سب سے چھوٹے قد کی اداکارہ بنیں جب انہوں نے ٹی وی سیریز ’امریکن ہارر اسٹوری‘ کے چوتھے سیزن ’فریک شو‘ میں ما پیٹائٹ کا کردار ادا کیا تھا۔

جیوتی نے بتایا کہ اس سیزن میں ولن انہیں سازش کرکے قتل کردیتے ہیں تاکہ وہ ان کی لاش کو ایک میوزیم کو بیچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شو میں اداکاری کو انہوں نے خوب انجوائے کیا، خاص طور پر اس وقت جب سب سے طویل القامت خاتون کو وہ ایک کدو میں چھپ کر ڈراتی ہیں، اور جب انہیں ایک گفٹ باکس میں ڈال کر ’فریک شو‘ کی مالکن ایلسا کو پیش کیا جاتا ہے تو وہ بھی حیرت زدہ رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مناظر نہایت دلچسپ تھے۔

جیوتی کا کہنا ہے کہ اس شو میں ادکاری کرنا ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شروع میں اس سیزن میں کام کرنے میں انہیں کافی مشکل پیش کیوں کہ یہ سیریز انگریزی زبان میں تھی۔ اس کے علاوہ اور بھی کئی چیلنجز تھے جن کا انہیں سامنا کرنا پڑا جیسا کہ بعض مناظر میں انہیں پنجرے یا بوتل میں بند ہونا پڑا۔

جیوتی کا کہنا تھا کہ وہ ہروقت ہنستی رہتی ہیں اور اس سیریز میں ان کے لیے سب سے مشکل کام اپنی ہنسی اور قہقہوں پر کنٹرول کرنا تھا کیونکہ انہیں ایک سنجیدہ کردار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’سنجیدہ کردار ادا کرنا میرے لیے سب سے زیادہ مشکل تھا۔‘

جیوتی نے کہا، ’گو کہ مجھے اس سیریز میں کافی مشکلات پیش آئیں لیکن اس سیریز میں کام کرنا میری زندگی کی سب سے بڑی کامیابی تھی اور مجھے یہ کام کرکے بہت مزہ آیا۔‘

انہوں نے کہا، ’میں پہلے ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ کی وجہ سے مشہور تھی اور اب اس سیریز کی وجہ سے اور زیادہ مشہور ہوگئی ہوں، مجھے اس بات پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔‘

جیوتی نے مزید بتایا کہ اس ہارر سیریز میں کام کے دوران انہیں معروف اداکار اور اداکارؤں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا۔

واضح رہے کہ جیوتی کو 2011 میں دنیا کی سب سے زیادہ پست قد کی بالغ خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ اس سے پہلے ان کے پاس دنیا میں سب سے چھوٹے قد کی نوجوان لڑکی ہونے کا ریکارڈ بھی حاصل تھا۔ ان کا پست قد ایک  مرض کا نتیجہ ہے جسے طبی زبان میں اکونڈروپلازیا کہا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp