عدلیہ میں مبینہ مداخلت، سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل

جمعرات 25 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط اور عدلیہ میں مبینہ مداخلت کے معاملے پر سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ 30 اپریل کو ازخود نوٹس پر سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل ہوں گے۔

نئے بینچ میں گزشتہ سماعت کرنے والے جسٹس یحیحیٰ آفریدی شامل نہیں ہوں گے۔ جسٹس یحیحیٰ آفریدی نے اپنے تحریری نوٹ میں خود کو بنچ سے الگ کرلیا تھا۔ جسٹس یحیحیٰ آفریدی کے علاوہ گزشتہ بینچ کے تمام ارکان نئے بینچ کا بھی حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں از خود نوٹس لیا تھا اور ایک 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے 3 اپریل کو ازخود نوٹس کی سماعت کی تھی۔ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل تھے۔

سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے تھے کہ اس معاملے پر فل کورٹ نہ بنانے کی وجہ ججز کی عدم دستیابی تھی، کچھ ججزلاہور اور کچھ کراچی میں تھے، ممکن ہے آئندہ سماعت پرفل کورٹ بنا دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp